کراچی( تشکر نیوز) چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے کہا ہے کہ لیاقت آباد ٹاؤن کے عوام کو آلودگی سے پاک صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے عوام کو انکی دہلیز پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور انکے مسائل کے حل کے لئے شب و روز کوشاں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار چیئر مین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے یونین کمیٹی نمبر 02 شریف آبادمیں منصورہ منی اسپورٹس کمپلیکس کے تعمیر کے کام معائنے کے دوران کیا ۔اس موقع پر وائس چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن اسحاق تیموری،متعلقہ یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین، ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی، ڈائریکٹر بی اینڈ آ ر شفقت عالم و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ فراز حسیب نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو بلدیاتی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں، اس سلسلے میں شریف آباد میں منی اسپورٹس کمپلیکس قائم کیا جارہا ہے، جہاں بچوں کے کھیل کو دکی سہولتوں کے ساتھ نوجوانوں کو ان ڈور گیمز کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، جس میں ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، جمناسٹک، اور دیگر ان ڈور گیمز شامل ہیں،
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اختیارات سنبھا لنے سے قبل لیاقت آباد ٹاؤن کے پارکوں کی حالت ابتر تھی اور پارکوں میں تجاوزات مافیا نے اپنے اڈے قائم کر رکھے تھے جس کی وجہ سے علاقہ مکین خاص طور پر بچے اور خواتین پارکس میں نہیں آتے تھے اور یہ پارکس اُجڑے ہوئے تھے۔ چیئرمین فراز حسیب نے کہا کہ ہم نے اختیارات سنبھالتے ہی اس معاملے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے لیاقت آباد ٹاؤن کے محکمہ پارکس کو متحرک کیا اور خوش قسمتی سے ہمیں اچھی ٹیم ملی جس نے لیاقت آباد ٹاؤن کے اجاڑ پارکس اور پلے گراؤنڈز کی مرمت اور تزئین و آرائش کے بعد ان پارکوں کواس قابل بنایا جہاں سبزہ، پودے،جھولے اور بچوں کے لئے دیگر تفریحات فراہم کی گئیں،چیئر مین لیاقت آ باد ٹاؤن فراز حسیب نے منصورہ اسپورٹس کمپلیکس میں لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ لیاقت آباد ٹاؤن کے تمام پارکس و پلے گراؤنڈز کو جلد از جلد بحال کرکے عوام کے حوالے کردیا جائے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اسپورٹس کمپلیکس، پارک اور پلے گراونڈعوامی ملکیت ہیں اس کی حفاظت کرنا ہماری اور آپ کی مشترکہ ذمہ داری ہے