کراچی (تشکر نیوز) سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کی خصوصی ہدایت پر ملازمین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے یکم جولائی 2024 سے واٹر کارپوریشن کا میڈیکل نظام ڈیجیٹلائجز کیا جائے گا،
واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق میڈیکل ڈیجیٹلائجز نظام کے تحت تمام حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کو علاج و معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی، اس ضمن میں میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے حکام نے مزید بتایا کہ میڈیکل ڈیجیٹلائجز نظام کے تحت ملازمین کو ڈیجیٹل میڈیکل کارڈ کے ذریعے آغا خان ہسپتال، لیاقت نیشنل اسپتال اور ضیا الدین ہسپتال سمیت شہر کی 15 مختلف اچھے ہسپتالوں، لیبارٹریز اور اسٹورز میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، انکا کہنا تھا کہ ڈاؤ ہسپتال اور لیباٹری کچھ معاملات کی وجہ سے عارضی طور پر بند ہے اور اس سلسلے میں ڈاؤ انتظامیہ کے ساتھ مزاکرات جاری ہیں،
انشاء اللہ اگلے ہفتے تک ڈاؤ ہسپتال اور لیباٹری کی سروس مکمل بحال ہو جائے گی، انہوں نے بتایا کہ پٹیل ہسپتال اور عیسیٰ لیباٹری آج سے واٹر کارپوریشن کے پینل پر اپنی سروس شروع کر رہے ہیں جبکہ سیفی ہسپتال دو روز میں اپنی سروس شروع کر دے گا اس کے علاؤہ آؤٹ اسٹیشن ملازمین کے لیے الخدمت ہسپتال کی پانچ مختلف برانچیں بھی اگلے دو روز میں واٹر کارپوریشن کے پینل پر اپنی سروس شروع کر دیں گی،
اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے سمیت ان کے تمام مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کی مزید بہتری اور فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔