کراچی: جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکا، تمام غیر ملکی محفوظ

تشکر نیوز: کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 2 سیکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی ایسٹ اصفر مہسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’آج (جمعے کی) صبح جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، اس گاڑی کے پیچھے ایک خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا۔‘

ان کے مطابق ’جائے وقوع سے ایک ایس ایم جی (شارٹ مشین گن) اور ہینڈگرنیڈ والا بیگ بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق ’ابتدائی طور پر لگتا ہے دہشت گردوں کی تعداد 2 تھی، پہلا حملہ خودکش تھا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ کیا گیا ہے۔‘

ڈی جی آئی جی نے بتایا کہ دوسرے دہشت گرد نے گاڑی پر فائرنگ کی، غیرملکیوں کےہمراہ موجودسیکیورٹی گارڈ نےدہشت گرد سےمقابلہ کیا، قریب ہی موجود پولیس دھماکے کی آواز سن کرپہنچی، شرافی گوٹھ تھانےکے اہلکاروں نے بھی دہشت گردسےمقابلہ کیا۔’

انہوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آوور کا سر اور کچھ اعضا ملے ہیں، ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ خطرہ موجود تھا کہ غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنایا جائے گا، اسی سلسلے میں اجلاس بھی منعقد ہوئے تھے، سیکیورٹی تھریٹ کے باعث پولیس بھی الرٹ تھی۔

قبل ازیں آئی سندھ کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے قریب 5 جاپانی شہری ہائی روف گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔

ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق غیر ملکی جس گاڑی میں سفر کر رہے تھے وہ بلٹ پروف تھی، تمام غیر ملکیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی ملیر طارق الہیٰ نے بتایا کہ تمام غیر ملکی شہری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جارہے تھے، غیر ملکی شہری روزانہ یہاں سے گزرتے تھے، 3 حملہ آور تھے، جن میں 2 ہلاک ہوگئے اور ایک فرار ہوگیا۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا۔

چھیپا ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت نہیں ہوسکی البتہ زخمی ہونے والوں میں 45 سالہ نور محمد ولد محمد صدیق، 45 سالہ لنگر خان ولد ساون خان اور 25 سالہ سلمان ولد صادق مسیح شامل ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بروقت پولیس کی کارروائی کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مل کر مقابلہ کریں شرپسند عناصر کا جڑ سے خاتمہ ہوگا۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پولیس کی بر وقت کارروائی سے ہم کسی بڑے جانی نقصان سے بچ گئے ، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ہر مذموم کاروائی کو ناکام بنائیں گے۔

اس کے علاوہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لانڈھی میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے سی پی او اور آئی جی سندھ سے حملے کی رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، واقعے کے محرقات کا پتہ لگایا جائے اور ماسٹر مائینڈ تک پہنچا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

حملہ آوروں کی بارود سے بھری گاڑی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی، گاڑی پر حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے، گاڑی اسلام آباد سے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے داسو میں اپنے کیمپ کی جانب جارہی تھی۔

6 / 100

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!