...

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر روانہ

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے۔ سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے پی ایم آفس پریس ونگ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ زیراعظم محمد شہباز شریف کمرشل پرواز کے ذریعہ سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوئے، وزیراعظم عمرہ کی ادائیگی کے علاوہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف میں نماز ادا کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کچھ دیر بعد ہم وزیراعظم کے ساتھ سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے، کابینہ کے اراکین کے علاوہ وزیراعظم کے اہل خانہ بھی ان کے ہمراہ جائیں گے، کمرشل فلائٹ پر یہ وفد جائے گا، وفد کے تمام اراکین اخراجات اپنی جیب سے ادا کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا تھا کہ وزیراعظم کے ہمراہ جو وزرا ساتھ جا رہے ہیں، ان میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور وزیر اطلاعات شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمرے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، وہاں سے ان پیش رفت سے وقتاً فوقتا میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا تھا کہ کہ وزیراعظم شہباز شریف 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔

مزید کہا تھا کہ وزیراعظم کے ہمراہ وزرائے خارجہ، دفاع، خزانہ، اطلاعات اور اقتصادی امور بھی سعودی عرب جائیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمرے کی ادائیگی کریں گے اور بعد ازاں مسجد نبوی میں حاضری دیں گے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس کے علاوہ یہ رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

بیان میں مزید بتایا گیا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، جن کی جڑیں مذہبی اور ثقافتی وابستگی پر ہیں، پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے انتہائی عزت اور احترام رکھتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.