’’گرلز ان گرین‘‘ نے نیوزی لینڈ سے ٹی 20 سیریز جیت کر تہلکہ مچا دیا، کلین سوئپ پر نظر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عالیہ ریاض کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور فاطمہ ثنا کی بولنگ کی بدولت پاکستان ویمنز کو نیوزی لینڈ کے خلاف ایک اور یادگار اور تاریخ ساز کامیابی حاصل کرے تہلکہ مچادیا۔ عالیہ ریاض کے32رنز ناٹ آؤٹ اور فاطمہ ثنا کی22 رنز کے عوض 3 وکٹوں نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں10رنز سے کامیابی دلادی بلکہ پہلی بار سیریز بھی جتوادی، اب گرلز ان گرین کی نظر کلین سوئپ پر ہے۔ عالیہ ریاض کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ پاکستان ویمنز نے فاطمہ ثنا کی شاندار بولنگ کے نتیجے میں پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سات وکٹوں سے جیتا تھا ۔ ڈنیڈن میں یونیورسٹی آف اوٹاگو اوول میں دوسرے میچ میں ہوم ٹیم نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے20اوورز میں6وکٹ پر137رنز اسکور کیے، یہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔ میزبان سائیڈ جواب میں7وکٹوں پر127 رنز بناسکی ۔ پاکستان کیلئے منیبہ علی نے28گیندوں پر35 رنز اسکور کیے جس میں چھ چوکے شامل تھے۔ ایک موقع پر اس کی چار وکٹیں86رنز پر گرچکی تھیں۔ پہلے میچ کی ٹاپ اسکورر شوال ذوالفقار سات، بسمہ معروف 21 اور کپتان ندا ڈار14 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ عالیہ ریاض نے 22 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے32 رنز ناٹ آؤٹ کی اہم اننگز کھیلی ۔ نیوزی لینڈ کیلئے مولی پینفولڈ نے 17 اور فران جونز نے21 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال اور پہلے میچ کی پلیئر آف دی میچ فاطمہ ثنا کی عمدہ بولنگ نے میزبان ٹیم کی چار وکٹیں صرف29رنز پر حاصل کرڈالیں۔سعدیہ اقبال نے برنیڈائن اورایمیلیا کر کو آؤٹ کیا جبکہ سوزی بیٹس اور کپتان سوفی ڈیوائن کی وکٹیں فاطمہ ثنا نے حاصل کیں ۔ میڈی گرین کو ندا ڈار نے18رنز پر آؤٹ کردیا۔ پلیمر کے 28 رنز پر رن آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان ویمنز کی جیت کے امکانات بڑھ گئے ۔ نیوزی لینڈ ویمنز کو آخری دو اوورز میں جیت کیلئے33جبکہ آخری اوور میں18 رنز درکار تھے۔ فاطمہ ثنا نے اس اوور میں33رنز بنانے والی ہانا روو کو بولڈ کردیا۔ ان کے اس آخری اوور میں میزبان ٹیم صرف 7رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔ فاطمہ ثنا نے 22 رنز دے کر 3 اور سعدیہ اقبال نے 29 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مچ سے قبل نیوزی لینڈ کی سابق کپتان سوزی بیٹس کو خراج تحسین پیش کرنے کی غرض سے دوسرے میچ کیلئے اس گراؤنڈ کا نام سوزی بیٹس اوول رکھا گیا ۔ سوزی بیٹس ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل کے مجموعی305میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 9 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن میں ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!