کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے کھلے اور ٹوٹے ہوئے مین ہولز میں گرنے کے حادثات روکنے کے لیے کورنگی میں حفاظتی جال نصب کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔ یہ اقدام میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں کورنگی نمبر 6 میں رئیس اسٹینڈرڈ بریانی ہاؤس کے سامنے مرکزی شاہراہ پر سیفٹی نیٹس لگائے جا رہے ہیں۔
شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تنصیب ہوگی
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق مرحلہ وار شہر کے دیگر حساس مقامات پر بھی حفاظتی جال نصب کیے جائیں گے۔ مصروف شاہراہوں، بازاروں، اسکولوں اور مساجد کے اطراف موجود مین ہولز کو ترجیح دی جائے گی۔
لانڈھی ٹاؤن چیئرمین کا خیرمقدم
لانڈھی ٹاؤن کے چیئرمین عبدالجمیل نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے میئر کراچی اور واٹر کارپوریشن کے سی ای او احمد علی صدیقی کا شکریہ ادا کیا۔
عبدالجمیل کے مطابق مین ہولز میں حفاظتی جالوں کی تنصیب شہریوں، خصوصاً بچوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے اہم اقدام ہے۔
شہریوں سے حفاظتی جال محفوظ رکھنے کی اپیل
واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی جالوں کو نقصان نہ پہنچائیں اور نہ ہی انہیں چوری کریں۔ ایسے واقعات کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔