کراچی میں ایس ٹی پی ریلی کے سیکیورٹی انتظامات کا ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے مختلف مقامات پر معائنہ کیا۔ انہوں نے ریلی کے راستوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی کا بھی جائزہ لیا۔
ریڈ زون کے راستے بند، متبادل روٹس مقرر
ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق ریڈ زون کی جانب آنے والے تمام رابطہ راستے کنٹینرز لگا کر بند کردیے گئے ہیں۔ ریلی کے شرکاء کے لیے دو متبادل روٹس مقرر کیے گئے ہیں۔ دونوں راستوں پر پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
950 پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات
ریلی کی سیکیورٹی کے لیے ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے تقریباً 950 افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ حساس تنصیبات کی حفاظت کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
عمارتوں کی چھتوں پر پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ اسنائپرز کی ڈیوٹی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کی پولیس اہلکاروں کو ہدایات
ایس ایس پی مہزور علی موقع پر موجود رہ کر انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو دورانِ ڈیوٹی مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
