کراچی: شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شاہ لطیف ٹاؤن میں مسلح ملزمان نے ایک تاجر سے تقریباً 70 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز لوٹ لیے۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ تاجر صدر موبائل مارکیٹ سے موبائل فونز خرید کر جارہا تھا۔ شاہ لطیف ٹاؤن میں دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے اسے روک لیا۔
ملزمان نے اسلحے کے زور پر تاجر سے موبائل فونز چھینے اور فرار ہوگئے۔ لوٹے گئے موبائل فونز کی مالیت تقریباً 70 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
تاجروں کا پولیس سے کارروائی کا مطالبہ
صدر کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان نے واردات کی شدید مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی تاجروں کو لوٹ مار کا نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ تاہم ان واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
رضوان عرفان نے پولیس حکام سے واردات کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹا گیا سامان برآمد کیا جائے۔ تاجروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں۔