سندھ اسمبلی نے انسداد دہشت گردی (ترمیمی) ایکٹ 2026 میں ترمیم منظور کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر اویس قادر شاہ کی سربراہی میں پیر کو سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انسداد دہشت گردی ترمیمی ایکٹ میں تبدیلی کی گئی۔
مقدمات کی سماعت اور منتقلی کا نیا طریقہ
ترمیم کے تحت ایسے علاقوں میں انچارج جج نامزد کیا جائے گا جہاں ایک سے زائد انسداد دہشت گردی عدالتیں قائم ہوں گی۔
متعلقہ علاقے کے تمام مقدمات پہلے انچارج جج کی عدالت میں دائر کیے جائیں گے۔ انچارج جج خود مقدمات کی سماعت کرسکے گا یا انہیں دوسرے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کو منتقل کرسکے گا۔
ترمیم کے مطابق فرد جرم عائد ہونے سے پہلے مقدمات دوسری انسداد دہشت گردی عدالت میں منتقل کیے جاسکیں گے۔ مقدمات کی منتقلی ایک ایک کرکے ہوگی۔
انسداد دہشت گردی ججوں کی تعیناتی کا طریقہ
ترمیمی قانون کے تحت انسداد دہشت گردی عدالتوں کے ججوں کی تعیناتی کا طریقہ کار بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔
نئے طریقہ کار کے مطابق نامزد ججوں کے پینل پر 10 ورکنگ ڈیز میں اتفاق نہ ہونے کی صورت میں محکمہ داخلہ پینل حکومت کو ارسال کرے گا۔