بلاول کی نئے صوبوں پر خون بہنے کی دھمکی قابل مذمت ہے، حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نئے صوبوں کے قیام پر خون بہنے کی بات کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی پیپلز پارٹی کی اس سوچ کی مذمت کرتی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 1972 میں بھی لسانی بل لا کر فسادات کرائے تھے۔ خون خرابے کی طرف لے جانے والے ہر طرز عمل کو روکنا چاہیے۔

انہوں نے سوال کیا کہ بلاول بھٹو کو ایسی دھمکی دینے کا حق کس نے دیا؟ ان کے مطابق لاڑکانہ اور کراچی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی سیاست نہیں چلے گی۔

حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی انتظامی صوبوں کی تعداد بڑھانے کے حق میں ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی فریم ورک سامنے رکھا جائے۔

پیپلز پارٹی پر لسانی سیاست کا الزام

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کراچی اور میرپورخاص کا نام لے کر سندھ کے شہری علاقوں کی نشاندہی کی ہے۔

ان کا الزام تھا کہ پیپلز پارٹی لسانی فسادات یا ان کے خوف کو سیاسی اقتدار کے لیے استعمال کرتی ہے۔ اگر پیپلز پارٹی کو موجودہ نظام پر اعتراض ہے تو اسے صدر سمیت تمام حکومتی عہدوں سے استعفے دے دینے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ایک پرامن صوبہ تھا۔ یہاں مختلف برادریوں کے لوگ بھائیوں کی طرح رہتے تھے۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی نے صوبے میں لسانی فسادات کی بنیاد رکھی۔

حافظ نعیم نے الزام لگایا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کی کرپشن یا مبینہ لوٹ مار پر سوال اٹھتا ہے تو لوگوں کو لڑانے کی باتیں شروع ہو جاتی ہیں۔

پیپلز پارٹی کی حکومت میں شمولیت پر سوالات

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر حکومت ناجائز ہے تو آصف علی زرداری کس کے ووٹوں سے صدر منتخب ہوئے؟

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 2024 کے انتخابات سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہے۔ کراچی کے میئر کے انتخاب میں بھی مبینہ ہیرا پھیری کی گئی۔

حافظ نعیم نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی کی سات نشستیں ناجائز ہیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو سے ان نشستوں کے فارم 45 دکھانے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب بھی حکومت کا حصہ ہے۔ اگر حکومت ناجائز ہے تو آصف علی زرداری صدارت سے استعفیٰ دیں۔

خیبر پختونخوا میں گورنر راج سے متعلق سوال

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اگر ناجائز طریقے سے گورنر راج نافذ ہوا تو اس کی منظوری بلاول کے والد نے دی تھی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کا گورنر صوبے کے تمام معاملات چلا رہا ہے۔ ان کا سوال تھا کہ بلاول بھٹو کس کو دھوکا دینا چاہتے ہیں؟

انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے تحریک انصاف سے ہمدردی کے اظہار پر بھی سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بلاول پی ٹی آئی سے ہمدردی رکھتے ہیں تو انہوں نے اس کی حکومت کیوں گرائی تھی؟

گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کرنے کا مطالبہ

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گنے کی کرشنگ شروع نہ ہونے سے کسان پریشان ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ زراعت کا شعبہ مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔ جماعت اسلامی جمعے کے روز شوگر ملز کے باہر دھرنے دے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!