کراچی گالف کلب میں 30ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 2026 کی افتتاحی تقریب اور میڈیا بریفنگ منعقد ہوئی۔
چیمپئن شپ 11 سے 15 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔ کمانڈر کراچی اور صدر کراچی گالف کلب وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی اور ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
مختلف کیٹگریز میں مقابلے ہوں گے
پاکستان نیوی کے ترجمان کے مطابق چیمپئن شپ میں پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز، جونیئر پروفیشنلز اور لیڈیز پروفیشنلز حصہ لیں گے۔
اس کے علاوہ سینئر امیچورز، جونیئر امیچورز، لیڈیز امیچورز، ویٹرنز اور پرو-امیچورز کیٹگریز میں بھی مقابلے ہوں گے۔
ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں پروفیشنل گالفرز شرکت کر رہے ہیں۔ مختلف کیٹگریز کے لیے انعامات اور نقد رقوم مختص کی گئی ہیں۔ ان میں ‘ہول اِن ون’ کے لیے خصوصی انعام بھی شامل ہے۔
گالفرز کی تین دہائیوں پر محیط وابستگی کو سراہا
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے ملک بھر سے گالفرز کی بھرپور شرکت کو سراہا۔
انہوں نے ٹورنامنٹ کے ساتھ گالفرز کی تین دہائیوں پر محیط وابستگی کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ وابستگی گالف کے لیے ان کے عزم اور لگن کی عکاسی کرتی ہے۔
تقریب میں اسپانسرز، گالفرز اور میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
