سندھ کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے فروغ کا فیصلہ، مراد علی شاہ کی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں معدنی وسائل کی تلاش، پروسیسنگ اور برآمدی صنعتوں کے فروغ کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں معدنی وسائل اور سرمایہ کاری سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر معدنیات سید سردار علی شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری توانائی شہاب انصاری، سیکریٹری معدنیات سہیل بلوچ اور اسپیشل سیکریٹری توانائی اسلم سومرو شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سندھ کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے معدنی وسائل معاشی ترقی، صنعتی فروغ اور روزگار کی فراہمی کا اہم ذریعہ بن سکتے ہیں۔

مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں کوئلے اور دیگر معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت سرمایہ کاروں کو شفاف قوانین، مسابقتی مراعات اور سازگار ماحول فراہم کرے گی۔

خام معدنیات کے بجائے مقامی پروسیسنگ پر توجہ

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب صرف معدنیات کی تلاش کافی نہیں۔ پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن پر بھی توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے خام معدنیات برآمد کرنے کے بجائے مقامی سطح پر پروسیسنگ اور نئی صنعتیں قائم کرنے کی ہدایت کی۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نئی صنعتیں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے وزیر معدنیات کو ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے بنانے کی ہدایت بھی کی۔

تھر میں 175 ارب ٹن کوئلے کے ذخائر

اجلاس میں وزیر معدنیات سید سردار علی شاہ نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں تھر کا کوئلہ، گرینائٹ، خام لوہا، سنگ مرمر اور چونا پتھر موجود ہیں۔

صوبے میں گرینائٹ، آئرن، ماربل، سیلیسٹائٹ، چائنا کلے، سلیکا سینڈ اور جھیلوں کے نمک کے بھی وسیع ذخائر ہیں۔

وزیر معدنیات کے مطابق تھر میں کوئلے کے ذخائر کا تخمینہ 175 ارب ٹن ہے۔ تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 3 ہزار 300 میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھر کے کوئلے سے توانائی کی پیداوار کے ساتھ دیگر صنعتی منصوبوں کے بھی امکانات موجود ہیں۔ کوئلے سے بریکیٹس اور یوریا تیار کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔

تھر ریلوے منصوبہ اور برآمدی صنعتوں کا فروغ

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر ریلوے منصوبہ کوئلے کی ملک بھر کی صنعتوں تک ترسیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اجلاس میں معدنیات کی پروسیسنگ، کٹنگ، پالشنگ اور برآمدی صنعتوں کے قیام کے امکانات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ معدنی شعبے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے شفاف طریقہ کار یقینی بنایا جائے گا۔ سائنسی بنیادوں پر معدنیات کی تلاش اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال حکومت کی ترجیح ہے۔

ماحولیاتی تحفظ اور مقامی آبادی کی ترقی

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کان کنی کے منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ، مقامی آبادی کے حقوق اور ذمہ دارانہ کان کنی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی افراد کو روزگار فراہم کرنے اور متاثرہ علاقوں کی بحالی پر توجہ دی جائے۔ تھر میں مقامی آبادی کے لیے روزگار، تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیر معدنیات سردار علی شاہ نے بتایا کہ تھر میں 10 لاکھ سے زائد درخت لگائے گئے ہیں۔ پانی کے تحفظ، حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی بہتری کے اقدامات بھی جاری ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت طویل المدتی سرمایہ کاری اور اسٹریٹجک شراکت داری کا خیرمقدم کرتی ہے۔ ان کا عزم ہے کہ معدنی وسائل کو پائیدار معاشی ترقی، صنعتی خوشحالی اور عوام کے بہتر مستقبل کا ذریعہ بنایا جائے گا۔

One thought on “سندھ کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے فروغ کا فیصلہ، مراد علی شاہ کی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!