خیبر پختونخوا کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات روک دیے گئے

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا عمل روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 140-A کی معطلی کے حکم نامے کے بعد ان اضلاع میں انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے اُن اضلاع کے علاوہ دیگر علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جہاں گورنر رول اور ایمرجنسی کے بعد آرٹیکل 140-A معطل کیا گیا تھا۔

اس سلسلے میں انتخابی عمل کے لیے متعدد اقدامات بھی شروع کردیے گئے تھے۔

وفاقی حکومت کا حکم نامہ زیرِ غور

الیکشن کمیشن کے اجلاس میں وفاقی حکومت کا 4 نومبر 2026 کا آرڈر نمبر 3 زیرِ بحث آیا۔ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔

اجلاس میں حکم نامے کی شق نمبر 2 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس شق کے تحت آئین کے آرٹیکل 140-A کی معطلی کا اطلاق پہلے سے مخصوص اضلاع کے علاوہ دیگر تمام اضلاع پر بھی کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئین کا آرٹیکل 140-A صوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام سے متعلق ہے۔

انتخابی عمل تا حکمِ ثانی معطل

بریفنگ کے مطابق آئین کے آرٹیکل 140-A کی ذیلی شق (2) کے تحت مقامی حکومتوں کے انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔

کمیشن نے آرٹیکل کی معطلی کے باقی اضلاع پر اطلاق کے انتخابی عمل پر اثرات کا جائزہ لیا۔

غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت کے حکم نامے کے باعث خیبر پختونخوا کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات ممکن نہیں رہے۔

لہٰذا الیکشن کمیشن نے ان انتخابات کے سلسلے میں اب تک کیے گئے تمام اقدامات تا حکمِ ثانی روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!