چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں بجلی کا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ بجلی دستیاب ہو تو مہنگی ملتی ہے۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت کے نمائندوں نے اہم عہدوں پر ہونے کے باوجود شہر کے لیے کوئی قابلِ ذکر کام نہیں کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے تاریخی ڈاکٹر کیخسرو نانا بھائے اسپینسرز آئی اسپتال کے توسیعی منصوبے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی اپنا فیصلہ سنا چکی ہے، اس لیے انتظامی یونٹس کا معاملہ اب بند ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق سندھ کے عوام اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
عوام کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی
بلاول بھٹو زرداری نے اسپینسر آئی اسپتال کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت ایسا شعبہ ہے جہاں لوگوں کو ہر وقت علاج کی ضرورت رہتی ہے، جبکہ نجی اسپتالوں میں علاج انتہائی مہنگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپینسر آئی اسپتال میں عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبے کی ذمہ داری اٹھائی گئی اور معاونین نے بھی تعاون کیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ حکومت کی ذمہ داری عوام کے مسائل حل کرنا ہے، نفرت پھیلانا نہیں۔ سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کو عوامی مفاد کے لیے کام کرنا چاہیے۔
کراچی میں بجلی بحران اور سولر منصوبے
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کا بحران سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور حالات مزید مشکل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسپینسر آئی اسپتال کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاش پورے لیاری کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جاسکتا۔ سولرائزیشن کے منصوبوں پر کام جاری ہے اور پیپلز پارٹی کے عوامی نمائندوں کو بجلی کے بحران پر آواز اٹھانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن عوام پر معاشی بوجھ کم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ بلاول کے مطابق کسی نے زیادتی کی ہے تو اسے قانون کے مطابق جواب دینا ہوگا۔
اسپینسر آئی اسپتال کی بحالی اور جدید سہولیات
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تاریخی اسپینسر آئی اسپتال کا سنگ بنیاد 1938 میں رکھا گیا تھا اور اسے 1940 میں فعال کیا گیا۔ ان کے مطابق یہ شہر کا تاریخی ورثہ تھا، تاہم ماضی میں بلدیاتی حکومتوں کی ترجیحات میں عوامی خدمت شامل نہیں رہی۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ اسپتال بند تھا، لیکن موقع ملنے پر اس کی بحالی کا کام شروع کیا گیا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسپتال کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال میں مریضوں کو مفت معائنے اور او پی ڈی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ آپریشن تھیٹر بھی فعال کردیا گیا ہے، جبکہ ادویات اور چشمے رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔
لیاری اور اولڈ سٹی ایریا میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ
میئر کراچی کے مطابق لیاری اور اولڈ سٹی ایریا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ درپیش ہے۔ اسی وجہ سے اسپینسر آئی اسپتال کو شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں اسپتال کی سہولیات مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔