نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی زون نے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مالی فراڈ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان خود کو اعلیٰ فوجی اور سرکاری افسر ظاہر کرتے تھے۔ وہ فوج اور سرکاری محکموں میں اثر و رسوخ رکھنے کا جھوٹا دعویٰ کرتے تھے۔
ملزمان مبینہ طور پر شہریوں کو تبادلوں اور تعیناتیوں کے نام پر سرکاری کام کرانے کی یقین دہانی کراتے اور اس کے بدلے رقم وصول کرتے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت مزمل ولد بدرالدین قریشی اور حمزہ ولد محمد اسلم کے نام سے ہوئی ہے۔
این سی سی آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 114/2026 درج کرلیا ہے۔ ترجمان کے مطابق مقدمے میں پیکا ایکٹ 2025 کی دفعات 13، 14 اور 16 سمیت تعزیرات پاکستان کی دفعہ 109 شامل کی گئی ہے۔
این سی سی آئی اے نے کہا ہے کہ سائبر کرائم، جعل سازی اور مالی فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
