پاک فوج کا تربیتی طیارہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں سوار دونوں پائلٹس شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق طیارے کو تکنیکی خرابی کا سامنا تھا۔ حادثے میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور طالبعلم پائلٹ کیپٹن عبدالصمد نے جامِ شہادت نوش کیا۔
صدرِ مملکت کا اظہارِ افسوس
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حادثے میں دونوں پائلٹس کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی بھی کی۔
وزیراعظم کا شہداء کو خراجِ عقیدت
وزیراعظم شہباز شریف نے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا کرے۔
وزیراعظم نے اہلِ خانہ کے لیے صبر اور حوصلے کی دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے جان قربان کرنے والے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔
ان کے مطابق پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ قوم اس مشکل وقت میں اہلِ خانہ کے غم میں شریک ہے۔
مریم نواز کا اظہارِ تعزیت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی حادثے میں دونوں پائلٹس کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے نواں کلی کے قریب پیش آنے والے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔