امریکی نائب صدر کے مطابق ایران کی جنگی کارروائیوں میں واضح حکمتِ عملی نظر نہیں آتی، جبکہ وزیر خزانہ نے معاشی دباؤ کو جوابی حملوں کی وجہ قرار دیا۔
واشنگٹن: ایران کے بارے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قیادت ’’پاگل‘‘ ہے اور اس کی جنگی کارروائیوں میں کوئی واضح حکمتِ عملی دکھائی نہیں دیتی۔
فاکس نیوز کو انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا کو پہلے ہی توقع تھی کہ ایران امریکی مفادات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ تاہم، ایران کی جانب سے اپنے اتحادیوں کو بھی نشانہ بنانا حیران کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی اقدامات سے اس کی جنگی حکمتِ عملی واضح نہیں ہوتی۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں ایران کے فیصلے کسی واضح اسٹریٹجک منصوبے کے تحت ہوتے دکھائی نہیں دیتے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی ایران کے خلاف امریکی پالیسی کا دفاع کیا۔ ان کے مطابق سخت اقتصادی پابندیوں نے ایران کو شدید معاشی بحران سے دوچار کر دیا ہے۔
اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ معاشی دباؤ ایران کے جوابی حملوں کی ایک وجہ ہے۔ ان کے مطابق امریکی پابندیوں کا بنیادی مقصد ایران کو مذاکرات کی میز پر واپس لانا ہے۔