درخشاں پولیس مقابلہ میں ایک مبینہ ملزم زخمی جبکہ دوسرے کو بغیر زخمی ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی خیابان شاہین فیز 6 کے قریب دورانِ گشت ہوئی۔
پولیس نے مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے رکنے کے بجائے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا۔
پولیس نے دوسرے ملزم کو بغیر زخمی ہوئے حراست میں لے لیا۔ زخمی ملزم کی شناخت حسنین ولد اشفاق جبکہ دوسرے گرفتار ملزم کی شناخت خضر عباس ولد عبدالمجید کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول، 30 بور کے زندہ راؤنڈز اور ہونڈا 125 موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دوسرے ملزم کو مزید کارروائی کے لیے تھانے منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔