اسلام آباد: پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جس میں بحری سلامتی، ابھرتے ہوئے خطرات اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس میں پاک بحریہ کے تمام پرنسپل اسٹاف افسران اور فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔ فورم نے بحری شعبے میں روایتی اور غیر روایتی خطرات، اہم بحری راستوں کو درپیش سکیورٹی چیلنجز اور اسٹریٹجک چوک پوائنٹس پر غیر مستحکم صورتحال کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں بحری نقل و حرکت کی آزادی اور اہم سمندری مواصلاتی راستوں (SLOCs) کو لاحق خطرات پر بھی غور کیا گیا۔ فورم نے پاک بحریہ کی جاری آپریشنل سرگرمیوں، موجودہ اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں کا جامع جائزہ لیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور مشکل نوعیت کے مشنز انجام دینے کی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے مضبوط بحری دفاع کے لیے مؤثر تربیت، تکنیکی نظم و ضبط اور مختلف شعبوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ ابھرتے ہوئے خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے اور تکنیکی برتری برقرار رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور غیر متناسب صلاحیتوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے خطے میں امن و استحکام اور علاقائی بحری سلامتی کے قیام میں پاک بحریہ کے کلیدی کردار کو بھی اجاگر کیا۔
کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے، جہاں سربراہ پاک بحریہ، پرنسپل اسٹاف افسران اور فیلڈ کمانڈرز مل کر اسٹریٹجک ترجیحات، پالیسیوں، آپریشنل تیاریوں اور مستقبل کے پروگراموں کا جائزہ لیتے ہیں۔