کراچی کے ضلع وسطی میں ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے چیئرمین بصیرت اسکولنگ سسٹم پروفیسر مفتی غلام محی الدین نے چیئرمین یونائیٹڈ مسلم فورم محمد آصف رضا قادری کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، جس میں باہمی تعاون اور عوامی سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
تقریب میں چیئرمین وائس آف پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر عامر بیگ، پروفیسر مفتی غلام محی الدین اور قاضی عبدالقادر نورانی نے آصف رضا قادری کو وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی جانب سے ماہ ربیع الاول کے انتظامات کے لیے کراچی ڈویژن کا کوآرڈینیٹر مقرر کیے جانے پر مبارکباد دی۔
شرکاء نے آصف رضا قادری کی سماجی اور انتظامی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ربیع الاول کے دوران عاشقان رسول ﷺ کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کے درمیان رابطہ اور تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
آصف رضا قادری نے کہا کہ ماہ ربیع الاول محبت رسول ﷺ، عقیدت، اتحاد اور اخوت کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلوس میلاد النبی ﷺ کے روٹس پر صفائی، نکاسی آب، روشنی اور دیگر ضروری بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں سے مؤثر رابطہ رکھا جائے گا۔
بعد ازاں آصف رضا قادری نے اپنے وفد کے ہمراہ بصیرت اسکول کا دورہ کیا۔ وفد میں انجینئر ارشد محفوظ قادری، محمد جمیل رضا، سید رمیز رضا اور محمد علی قادری شامل تھے۔
پروفیسر مفتی غلام محی الدین نے وفد کا استقبال کیا اور ادارے کے تعلیمی نظام، تدریسی سرگرمیوں اور طلبہ کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
آصف رضا قادری نے بصیرت اسکولنگ سسٹم کے تعلیمی معیار، نظم و ضبط اور طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔
ملاقات کے اختتام پر شرکاء نے ربیع الاول کے انتظامات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر رابطہ اور تعاون مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔