سٹی کورٹ میں ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے پر وکلا کا احتجاج، میر حسین نے پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس تفتیش پر سوالات اٹھا دیے۔
کراچی میں میر رضا قتل کیس کی تحقیقات پر مقتول کے والد میر حسین نے سندھ حکومت پر مبینہ ٹیمپرنگ کا الزام لگایا ہے۔
سٹی کورٹ میں ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے پر وکلا نے احتجاج کیا۔ اس موقع پر میر حسین نے کیس کی تحقیقات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
میر حسین نے الزام لگایا کہ ڈاکٹر اسامہ کو اس لیے فارغ کیا گیا تاکہ وہ سوالات کے جواب نہ دے سکیں۔
انہوں نے پوسٹ مارٹم رپورٹ پر بھی سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ صرف تصاویر کی بنیاد پر تیار کی گئی۔
میر حسین نے سوال کیا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کس کے دباؤ میں تیار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کیس میں سندھ حکومت کی ٹیمپرنگ نظر آ رہی ہے۔
مقتول کے والد نے پولیس کی تفتیش پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ میر رضا کے کیس میں پولیس کی نااہلی سب کے سامنے ہے۔
وکلا نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کیس کی شفاف تحقیقات پر بھی زور دیا۔