سفیر رضوان سعید شیخ نے ریاست کیلیفورنیا کی خزانچی فیونا ما سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور کیلیفورنیا کے تاریخی اور اقتصادی روابط مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سفیر پاکستان نے امریکی کاروباری اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی پر توجہ
رضوان سعید شیخ نے سیکرامنٹو کے کاروباری رہنماؤں، سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ نمائندوں کو پاکستان میں کاروباری مواقع سے آگاہ کیا۔
انہوں نے ڈیجیٹل معیشت، بینکاری، منصوبہ جاتی فنانسنگ، زرعی ٹیکنالوجی اور ہوا بازی کے شعبوں سے وابستہ شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔
سفیر پاکستان نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروباری منصوبے شروع کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
انہوں نے کیلیفورنیا کی نارتھ اسٹیٹ یونیورسٹی کے بانی ڈاکٹر الفریڈ چیونگ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں صحت، طبی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر گفتگو ہوئی۔
رضوان سعید شیخ نے ادویات اور فارمیسی سلوشنز کی کمپنی ڈوز پیکر کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے کمپنی کی جدید لیبارٹری ٹیکنالوجی کو سراہا اور پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
اے این ایف کریک ڈاؤن: 7 کارروائیوں میں 7 ملزمان گرفتار، 78 کلو سے زائد منشیات برآمد
پاکستانی امریکی کمیونٹی سے ملاقات
سفیر پاکستان نے سیکرامنٹو میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے پاک-امریکا تعلقات کے فروغ میں پاکستانی امریکیوں کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کمیونٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور امریکا کے سفارتی و اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے میں فعال کردار ادا کریں۔
دورے کے دوران پاکستان اور کیلیفورنیا کے درمیان ٹیکنالوجی، زراعت، صحت، تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔