پاکستان نے اسکریبل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 21 ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کا ٹیم ٹائٹل ساتویں مرتبہ جیت لیا۔
چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے سب سے زیادہ ٹرافیاں اپنے نام کیں۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی برتری برقرار رکھی۔
ٹیم ایونٹ میں پاکستان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انفرادی مقابلے میں آسٹریلیا کے دینتھ فرنینڈو نے عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستان کے تین کھلاڑی انفرادی مقابلوں میں ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
احمد سلمان نے انڈر 16 کیٹیگری کا عالمی ٹائٹل جیتا۔ احد صولت فاطمی نے انڈر 14 کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
انڈر 12 کیٹیگری میں پاکستان کے مصطفیٰ فرحان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم کے کم عمر ترین کھلاڑی تیمور وسیم نے انڈر 10 کیٹیگری کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ انہوں نے گزشتہ برس بھی انڈر 8 ورلڈ ٹائٹل جیتا تھا۔
21 ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں 11 ممالک کے 183 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔