...

صوبوں کی تقسیم: ایم کیو ایم پاکستان کا نئے انتظامی یونٹس پر ریفرنڈم اور آل پارٹیز کانفرنس کا مطالبہ

صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے عوامی ریفرنڈم کرانے اور اس موضوع پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم اور پارٹی چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ان کی جماعت اس سال یومِ آزادی کی تقریبات کو بھرپور انداز میں منائے گی۔ ان کے مطابق جشنِ آزادی کی سرگرمیاں وارڈ سطح تک منعقد کی جائیں گی، جبکہ 13 اگست کی شب مرکزی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حال ہی میں اسلام آباد میں ہونے والے تاجر برادری کے اجتماع میں بھی اس مؤقف کی تائید کی گئی کہ صوبے صرف انتظامی یونٹس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہی سب کی مشترکہ دھرتی ہے اور تمام صوبے اسی وفاق کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ چاروں صوبے لسانی بنیادوں پر قائم ہیں، جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کا مؤقف ہے کہ نئے صوبے انتظامی ضرورت اور بہتر طرزِ حکمرانی کی بنیاد پر قائم ہونے چاہییں۔ ان کے بقول جہاں ضرورت ہو وہاں نئے انتظامی یونٹس تشکیل دیے جانے چاہییں۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ون یونٹ کے خاتمے کے بعد صوبوں کی موجودہ ساخت وجود میں آئی، جبکہ پاکستان کا آئین انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنانے کا طریقہ کار بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کا بل پیش کر چکی ہے، جسے مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایسی جمہوریت مؤثر نہیں ہو سکتی جس کے ثمرات عام شہری تک نہ پہنچیں۔ ان کے مطابق بااختیار بلدیاتی حکومتوں کے بغیر جمہوری نظام اپنی افادیت کھو دیتا ہے اور عوام کے بنیادی مسائل بھی حل نہیں ہوتے۔

انہوں نے ملک میں بدعنوانی کو معیشت اور معاشرت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر احتساب ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کی تقسیم کو غداری قرار دینا درست مؤقف نہیں، کیونکہ ان کے بقول آئین انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی گنجائش فراہم کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.