میر رضا علی کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات میں پیش رفت کے لیے کراچی پولیس نے جائے وقوعہ پر دوبارہ سرچ آپریشن کیا، جہاں سے ایک پستول کا کور بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 2 کے رہائشی 25 سالہ میر رضا علی کی لاش ملنے کے مقدمے کی تفتیش جاری ہے۔ جمعہ کو تفتیشی ٹیم ایک بار پھر جائے وقوعہ پر پہنچی، جبکہ ایس پی گلشن اقبال غلام شبیر سرکی بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق کرائم سین یونٹ اور تفتیشی حکام نے جائے وقوعہ اور اطراف کے علاقے کی تفصیلی تلاشی لی، جس کے دوران ایک پستول کا کور برآمد ہوا۔ پولیس اب واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ تلاش کرنے کے لیے علاقے میں سرچنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔
تفتیشی حکام مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں اور شواہد کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 کے رہائشی اور مبینہ طور پر اغوا ہونے والے 25 سالہ میر رضا علی کی لاش بدھ کے روز گلستان جوہر تھانے کی حدود میں بلاک 2، شادی قلعہ شادی ہال کے قریب جھاڑیوں سے ملی تھی۔