...

سپلا احتجاج: ترقیوں میں تاخیر پر سندھ کے کالج اساتذہ کا 11 اگست کو دھرنے کا اعلان

سپلا احتجاج کے تحت سندھ کے کالج اساتذہ نے ترقیوں میں طویل تاخیر کے خلاف 11 اگست کو وزیراعلیٰ ہاؤس یا سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ اعلان سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا) کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا، جو مرکزی صدر پروفیسر منور عباس کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تینوں رینجز کے صدور، سیکریٹریز اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی اور اساتذہ میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور مایوسی پر تشویش کا اظہار کیا۔

سپلا کے رہنماؤں نے کہا کہ محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ میں گریڈ 18، 19 اور 20 کی سینکڑوں اسامیاں طویل عرصے سے خالی ہیں، لیکن حکومت ترقیوں کا عمل مکمل کرنے کے بجائے مسلسل تاخیر سے کام لے رہی ہے۔

تنظیم کے مطابق متعدد لیکچررز کو 14 برس گزرنے کے باوجود اگلے گریڈ میں ترقی نہیں ملی، جبکہ 14 جولائی کو ہونے والی ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (DPC) کا اجلاس بھی تاحال نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکا۔ سپلا کا مؤقف ہے کہ سینیارٹی لسٹوں کے معاملے کو بنیاد بنا کر اسسٹنٹ پروفیسرز کی گریڈ 19 میں ترقی روکی جا رہی ہے، جبکہ گریڈ 20 کی تقریباً 80 فیصد آسامیاں خالی ہونے کے باوجود بورڈ ون کا اجلاس بھی مؤخر کیا جا رہا ہے۔

سپلا نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ترقیوں کا عمل مکمل کرے۔ تنظیم کے مطابق ایک اعلیٰ سطح کا وفد سیکریٹری کالجز اور دیگر متعلقہ حکام سے ملاقات کر کے مسئلے کے حل کی کوشش کرے گا۔

سپلا نے مرحلہ وار احتجاجی شیڈول بھی جاری کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں کالجز کھلتے ہی احتجاجی تحریک شروع ہوگی، 3 اگست کو کراچی، 5 اگست کو حیدرآباد اور 6 اگست کو سکھر ریجن میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جبکہ اساتذہ سیاہ پٹیاں باندھ کر تدریسی فرائض انجام دیں گے۔

تنظیم نے خبردار کیا کہ اگر اس کے باوجود مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 11 اگست کو سندھ بھر کے کالج اساتذہ وزیراعلیٰ ہاؤس یا سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے دھرنا دیں گے، جس میں سول سوسائٹی اور ملازمین کی مختلف تنظیموں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

اجلاس میں تنظیمی امور کا بھی جائزہ لیا گیا اور سپلا کے آئین کے مطابق اگست سے نئی رکنیت سازی اور یونٹ انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کا آئندہ اجلاس 15 اگست کو سکھر یا کراچی میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.