موٹر سائیکل چور گینگ کے خلاف ملیر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کرنے اور ان کے قبضے سے دو چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور ایک موٹر سائیکل کے کھلے ہوئے پارٹس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ضلع ملیر پولیس کے مطابق تھانہ اسٹیل ٹاؤن پولیس نے ٹیکنیکل انٹیلیجنس اور جدید تفتیشی طریقہ کار کی مدد سے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں غلام عباس اور آکاش کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی موٹر سائیکلوں میں ایک ہونڈا موٹر سائیکل شامل ہے، جو تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کی حدود سے چوری ہوئی تھی، جبکہ دوسری سپر پاور موٹر سائیکل تھانہ اسٹیل ٹاؤن کی حدود سے چوری کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ ایک اور چوری شدہ موٹر سائیکل کے پارٹس بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ گلشن حدید کے بازاروں، مساجد اور دیگر عوامی مقامات سے موٹر سائیکلیں چوری کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران اعظم اور مجیب نامی دو مبینہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برآمد شدہ موٹر سائیکلوں کے حوالے سے پہلے ہی تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا اور تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں مقدمات درج ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
ملیر پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا ماضی میں بھی مختلف نوعیت کے جرائم کا ریکارڈ موجود ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی مبینہ سرگرمیوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔