سوشل میڈیا پر گمراہ کن معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام کے لیے سندھ حکومت نے صوبائی سطح پر خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جھوٹی معلومات پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
یہ فیصلہ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن معز پیرزادہ، ڈائریکٹر محمد یوسف کابورو، حزب اللہ میمن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سوشل میڈیا پر منفی اور گمراہ کن پروپیگنڈے، جھوٹی خبروں کے پھیلاؤ اور ملکی و قومی مفادات کے خلاف چلائی جانے والی مہمات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے ایسے رجحانات کی روک تھام کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر بھی غور کیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ملک اور قومی مفادات کے خلاف گمراہ کن معلومات پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جن کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سائبر جرائم کی صوبائی سطح پر روک تھام کے لیے خصوصی سیل قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ جھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کا بروقت اور مؤثر تدارک کیا جا سکے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم آزادیِ اظہار کی آڑ میں جھوٹے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کے مطابق سندھ حکومت قومی مفادات کے تحفظ اور درست معلومات کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔