غیر قانونی افغان باشندے کے خلاف جاری کارروائیوں کے سلسلے میں ملیر پولیس نے گڈاپ سٹی کی حدود سے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی حکومتِ پاکستان کی ہدایات پر غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت کی گئی۔
ضلع ملیر پولیس کے مطابق ایس ایس پی ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ کی خصوصی ہدایات پر ایس ڈی پی او میمن گوٹھ اور ایس ایچ او گڈاپ سٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پانچ افغان شہریوں کو گرفتار کیا۔
پولیس نے گرفتار افراد کی شناخت اسلم، عبدالرحمٰن، عبدالباسط، شفیق اللہ اور سعید علی کے ناموں سے ظاہر کی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ افراد غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار افراد کو قانونی ضابطوں کے مطابق پروفائلنگ کے عمل سے گزارنے اور ملک بدری کی کارروائی کے لیے افغان ہولڈنگ سینٹر (GCT کیمپ) منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ملیر پولیس کے مطابق ضلع کی حدود میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس نے کہا کہ تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔