...

قومی سلامتی: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا عزم، سرحد پار دہشت گردی پوری قوت سے کچل دیں گے

قومی سلامتی کے حوالے سے اپنے خطاب میں سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سازشوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست پوری قوت سے کچل دے گی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹنگ افسران سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کی نوعیت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، اس لیے پاکستان کی مسلح افواج بھی اپنی حکمت عملی، استعداد اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال رہی ہیں۔ ان کے مطابق اسٹریٹجک وضاحت، ادارہ جاتی مہارت اور مؤثر قیادت ہی پیچیدہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی بنیاد ہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے ادارے مستقبل کی عسکری اور سول قیادت کو ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی نیٹ ورکس پاکستان کے امن، استحکام اور معاشی ترقی کو نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جنگیں میڈیا کے شور یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیت سے جیتی جاتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاری، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے گریجویٹنگ افسران کو دیانت، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا بنیادی اصول بنانے کی تلقین کی۔ اس سے قبل نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پہنچنے پر صدر این ڈی یو نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.