...

ریونیو کلیکشن: واٹر کارپوریشن کی آمدنی میں 26.6 فیصد تاریخی اضافہ

ریونیو کلیکشن میں نمایاں بہتری کے ساتھ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے مالی سال 2025-26 کے دوران تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 26.6 فیصد زیادہ آمدنی حاصل کی ہے۔ ادارے کے مطابق اس عرصے میں مجموعی طور پر 27 ارب 3 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد ریونیو وصول کیا گیا، جبکہ مالی سال 2024-25 میں یہ رقم 21 ارب 34 کروڑ 95 لاکھ روپے رہی تھی۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے کہا کہ ایک سال کے دوران ریونیو میں ہونے والا نمایاں اضافہ مؤثر مالی حکمت عملی، جدید ڈیجیٹل بلنگ سسٹم، ریکوری کے بہتر نظام اور صارفین کے تعاون کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق جولائی، اگست، ستمبر، اکتوبر، دسمبر اور جون کے مہینوں میں وصولیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ادارے کے اصلاحاتی اقدامات کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی کی قیادت، چیف کمرشل آفیسر حارث سرفراز کی نگرانی اور ریونیو ریکوری گروپ (RRG) کی مسلسل کوششوں سے ادارہ مالی استحکام کے لیے مختلف اصلاحات پر عمل کر رہا ہے۔

ادارے کے مطابق ان اصلاحات کے تحت ریونیو کلیکشن کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے، نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کی گئی ہیں اور صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے جدید اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔ بلنگ نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور ریکوری کے بہتر طریقہ کار سے ادارے کی آمدنی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ریونیو کلیکشن میں بہتری سے پانی کی فراہمی، سیوریج نظام کی بحالی، انفراسٹرکچر کی بہتری، آپریشنل استعداد میں اضافے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں مدد ملے گی۔

واٹر کارپوریشن نے اس کامیابی پر صارفین، صنعتی و تجارتی اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بروقت بلوں کی ادائیگی اور تعاون کے باعث ادارہ مالی استحکام کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ادارے نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ شفافیت، احتساب اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے اصلاحاتی پالیسیوں پر عمل جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.