انسداد پولیو مہم کے آغاز پر ضلع کیماڑی پولیس نے فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ مہم ایس ایس پی کیماڑی کی نگرانی میں شروع کی گئی۔
ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق 1200 سے زائد افسران اور اہلکار پولیو ٹیموں کے ہمراہ سیکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
پولیس نے حساس مقامات پر سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کیے ہیں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئیک رسپانس ٹیمیں بھی الرٹ رکھی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہیں پولیو ٹیموں کی حفاظت اور سیکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
کیماڑی پولیس کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران شہریوں اور پولیو ٹیموں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔
