کراچی: آن لائن منشیات فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) سی آئی اے کراچی نے برگیڈ تھانے کی حدود سے ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 105 گرام آئس برآمد ہوئی ہے، جبکہ اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت فیصل ولد اشفاق کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزم مبینہ طور پر لیاری سے آئس خریدتا تھا اور مختلف گاہکوں کو آن لائن ذرائع کے ذریعے فروخت کرتا تھا۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے بتایا کہ ملزم عادی آن لائن منشیات فروش ہے اور اس کے خلاف ماضی میں بھی مقدمہ درج ہو چکا ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف سال 2011 میں تھانہ عزیز بھٹی میں ایف آئی آر نمبر 632/2011، دفعہ 13-D کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ایس آئی یو پولیس نے ملزم کے خلاف اپنے تھانے میں بھی مقدمہ درج کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد اور ممکنہ سہولت کاروں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو/سی آئی اے ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے ترجمان کے مطابق کارروائی منشیات کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے اور تحقیقات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔