کراچی: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگی ماحول خطے کے امن، استحکام اور عالمی معیشت کے لیے خطرات پیدا کر رہا ہے۔
مرکز اہلسنت سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود مختلف حملوں اور جوابی کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جس سے خطے میں امن کے امکانات متاثر ہو رہے ہیں۔
محمد شاداب رضا نقشبندی نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور بااثر ممالک سے مطالبہ کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تمام متعلقہ فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے فلسطین خصوصاً غزہ کی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نہتے فلسطینیوں کے خلاف جاری کارروائیوں اور انسانی بحران پر عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق فلسطینی عوام کو تحفظ اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسائل کا پائیدار حل طاقت یا جنگ نہیں بلکہ مذاکرات، انصاف اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری میں ہے۔ عالمی قوتوں کو چاہیے کہ وہ خطے میں مزید کشیدگی اور انسانی نقصان سے بچنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔