نجی تعلیمی اداروں اور بورڈ کراچی میں تعاون پر اتفاق

کراچی: پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن (PPSCA) کے وفد نے چیئرمین بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی پروفیسر مشرف علی راجپوت سے ملاقات کی، جس میں تعلیمی شعبے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین انور بھٹی کی ہدایت پر کراچی ڈویژن کے صدر سید محمد فرید نے اپنی ٹیم اور ضلع سینٹرل کے عہدیداران کے ہمراہ چیئرمین بورڈ سے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوئی جس کے دوران کراچی میں تعلیمی نظام، نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، امتحانی نظام میں بہتری، طلبہ کو سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی معیار کے فروغ سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔

اس موقع پر سید محمد فرید نے کہا کہ پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیم کے طور پر معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی شعبے کی ترقی کے لیے کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پروفیسر مشرف علی راجپوت کی قیادت میں بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی مزید مؤثر، شفاف اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ انداز میں خدمات انجام دے گا۔

چیئرمین بورڈ پروفیسر مشرف علی راجپوت نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نجی تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ تعلیمی نظام میں شفافیت، میرٹ اور طلبہ کے مفادات کا تحفظ ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بورڈ تمام متعلقہ فریقین بالخصوص نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ رابطے اور مشاورت کو فروغ دے گا تاکہ تعلیمی شعبے کو درپیش چیلنجز کا مؤثر حل تلاش کیا جا سکے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے باہمی تعاون، مسلسل رابطوں اور کراچی میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!