بن قاسم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹیل مل سے لوہا، تانبا اور اسکریپ چوری میں ملوث 8 کم عمر ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا اسپینسر آئی اسپتال کا دورہ، عام مریض کی طرح علاج کروایا
پولیس کے مطابق گرفتار کم عمر ملزمان کو منظم انداز میں چوری کی وارداتوں میں استعمال کیا جا رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ اسٹیل مل کے مختلف حصوں سے لوہا، تانبا اور اسکریپ چوری کروا کر انہیں نامعلوم افراد کے ذریعے مختلف گوداموں تک پہنچایا جاتا اور بعد ازاں فروخت کیا جاتا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کا مرکزی کردار خود قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے پس پردہ رہتا تھا اور کم عمر بچوں کو ان غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کرتا تھا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد حسن، عبدالرؤف، آویس، اللہ بچایو، سائیں بخش، صادق، علی حسن اور اسد علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 15 کاپر وائر بھی برآمد کی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ اس واقعے میں ملوث دیگر افراد اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قومی املاک کو نقصان پہنچانے اور کم عمر افراد کو جرائم میں استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔
