کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی افتخار عالم نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کے بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیانات حقائق کے برعکس اور کراچی کے عوام کے سیاسی شعور کی توہین کے مترادف ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر کراچی کے مسائل صرف نعروں، دھرنوں اور الزامات سے حل ہوتے تو شہر کی صورتحال آج مختلف ہوتی۔ ان کے مطابق کراچی کے عوام نے ہمیشہ ان جماعتوں کو مسترد کیا ہے جو محض تنقید کرتی ہیں لیکن عملی حل پیش نہیں کرتیں۔
افتخار عالم نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظمین صفائی، سیوریج، سڑکوں اور دیگر بلدیاتی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں، جبکہ عوام کارکردگی اور نتائج کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے اپنے زیرِ انتظام ٹاؤنز کی کارکردگی کا جواب دیا جائے، کیونکہ صرف بیانات اور تنقید سے کراچی کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت کراچی کے عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے اور ہر سطح پر شہر کے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی، قومی اسمبلی اور دیگر فورمز پر کراچی کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری ہے۔
افتخار عالم نے کہا کہ عوام کو تقسیم کرنے کے بجائے پانی، ٹرانسپورٹ، سیوریج، تعلیم اور روزگار جیسے بنیادی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو ایم کیو ایم سے خالی کرنے کے دعوے دراصل لاکھوں شہریوں کے جمہوری فیصلے کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کا فیصلہ عوام بیلٹ بکس کے ذریعے کرتے ہیں، نہ کہ بیانات یا خواہشات کی بنیاد پر۔ ایم کیو ایم پاکستان خدمت، کارکردگی اور عوامی نمائندگی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
افتخار عالم نے حافظ نعیم الرحمن سے مطالبہ کیا کہ وہ الزام تراشی کے بجائے کراچی کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔