کراچی: محرم الحرام 1448 ہجری کے دوران منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے لیے ٹریفک کی روانی، شہری سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کے
دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
سہیل عزیز کا پیٹرول قیمت منجمد کرنے مطالبہ
اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے کی، جس میں ضلع ایس ایس پیز ٹریفک، ڈی ایس پی سیکیورٹی ٹریفک، ڈی ایس پی لیگل، علمائے کرام اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران، منتظمین اور شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع اور مؤثر ٹریفک پلان ترتیب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو کم سے کم مشکلات سے دوچار ہونے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برسوں کے تجربات کی روشنی میں اس سال ٹریفک انتظامات کو مزید بہتر اور منظم بنایا جائے گا تاکہ عزاداران اور عام شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے اطراف کے علاقوں کا فوری سروے اور معائنہ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے غیر قانونی پارکنگ اور دیگر رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی جلوسوں اور اہم مقامات پر اضافی ٹریفک نفری تعینات کی جائے گی تاکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
اجلاس کے شرکاء نے کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔