شاہراہ بھٹو کے قریب بڑا آپریشن، 6 لینڈ گریبرز گرفتار، غیر قانونی تعمیرات مسمار

کراچی: سید حسن نقوی کی ہدایات پر شہر میں لینڈ گریبنگ اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے دوران شاہراہ بھٹو کے قریب بڑا آپریشن کیا گیا، جس میں 6 لینڈ گریبرز کو گرفتار کرلیا گیا۔

وال اسٹریٹ جرنل کا دعویٰ، یو اے ای نے ایران پر خفیہ حملے کیے

کارروائی اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل کالونی کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ مدد سے سچل گوٹھ اور بادل گوٹھ کے اطراف کی گئی۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شاہراہ بھٹو کے قریب بعض عناصر نے سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے قائم کر رکھے تھے اور مختلف مقامات پر تجاوزات کے ذریعے زمینوں پر قابض تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہری ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری اراضی کے تحفظ کیلئے یہ کارروائی ناگزیر تھی، اسی لیے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔

کمشنر کراچی کے مطابق بادل گوٹھ میں انسداد تجاوزات مہم کے دوران بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانونی تعمیرات، دیواریں، جھگیاں اور دیگر قبضہ شدہ ڈھانچے مکمل طور پر مسمار کردیئے گئے جبکہ سرکاری زمین واگزار کرا لی گئی۔

آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے والے افراد کو حراست میں لیا گیا اور مجموعی طور پر 6 لینڈ گریبرز کو گرفتار کیا گیا۔

سید حسن نقوی کا کہنا تھا کہ سچل گوٹھ سے شاہراہ بھٹو تک مختلف مقامات پر کارروائیاں کی گئیں جہاں لینڈ مافیا سرگرم تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر قائد میں کسی بھی صورت سرکاری زمینوں پر قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی ہدایات کے مطابق کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں، گرین بیلٹس اور سرکاری اراضی کو ہر صورت محفوظ بنایا جائے گا۔

کمشنر کراچی نے مزید کہا کہ لینڈ مافیا شہریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!