کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کا بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کا چوتھا دورہ، تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایت

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کا ایک ہفتے کے دوران چوتھی بار تفصیلی دورہ کیا، جس میں انہوں نے جاری تعمیراتی کام، ٹریفک بحالی اور یوٹیلیٹی شفٹنگ کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا۔

فٹبال ورلڈ کپ کے نئے گانے کے ٹیزر نے دھوم مچا دی، شکیرا اور برنا بوائے کی شاندار شراکت

دورے کا آغاز داؤد انجنیئرنگ یونیورسٹی سے کیا گیا، جہاں وزیراعلیٰ کو منصوبے کے مختلف حصوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی، معاون خصوصی قاسم نوید، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نمائش سے موسمیات تک مکسڈ ٹریفک لین پر اسفالٹ پیچ ورک مکمل ہو چکا ہے جبکہ سب گریڈ اور ایگریگیٹ بیس کے کام میں بھی پیش رفت جاری ہے۔ 48 انچ واٹر لائن کی منتقلی سمیت دیگر یوٹیلیٹی لائنز کی شفٹنگ پر بھی تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نیپا، حسن اسکوائر، اردو یونیورسٹی اور موسمیات سمیت مختلف مقامات پر جاری کاموں کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو حکم دیا کہ گیس اور بجلی کی لائنوں کی منتقلی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ منصوبے میں تاخیر نہ ہو۔

مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام کا مستقبل ہے اور اس منصوبے کو عالمی معیار کے مطابق مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم منصوبے کی تکمیل کے بعد ٹریفک نظام میں واضح بہتری آئے گی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے دوران دھول اور گرد و غبار کو کم کرنے کے لیے باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے اور رات کی شفٹ میں بھی کام جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ہفتے خود منصوبے کا دورہ کریں گے تاکہ پیش رفت کا براہِ راست جائزہ لیا جا سکے۔

انہوں نے نیپا پر یوٹرن اور فلائی اوور کے کام کو تیز کرنے اور یوکے اپارٹمنٹس کے قریب ڈائورشن اور پانی کی لائنوں کے کام کو جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

حکام کے مطابق منصوبے کے مختلف حصوں پر مجموعی پیش رفت جاری ہے اور حکومت سندھ آئندہ تین ماہ میں ٹریفک بحالی اور اہم تعمیراتی کام مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

One thought on “کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کا بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کا چوتھا دورہ، تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!