کراچی: گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (DHA) میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی سفارتی عشائیے میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شہرِ قائد کی روایتی مہمان نوازی، سماجی ہم آہنگی اور بین الاقوامی روابط کے فروغ کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔
کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی مختلف علاقوں میں بڑی کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار
یہ باوقار عشائیہ معروف کاروباری شخصیات اطہر اقبال اور عرفان فدو کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر دیا گیا، جس کا مقصد سفارتی برادری، سیاسی قیادت، کاروباری حلقوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا تھا تاکہ غیر رسمی ماحول میں مکالمے اور تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔
تقریب میں سفارتی برادری کی اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں ڈین آف ڈپلومیٹک کور اور عمان کے قونصل جنرل سمیع عبداللہ سلیم الخنجری نمایاں تھے۔ اس کے علاوہ برطانیہ، چین، روس، تھائی لینڈ، ملائیشیا، ویتنام، سری لنکا، قطر، بحرین، کویت، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عراق اور بنگلہ دیش کے سفارتکار بھی موجود تھے، جن کی موجودگی نے تقریب کو ایک بین الاقوامی رنگ دے دیا۔
مزید برآں کوریا ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی (KOTRA) کے ڈائریکٹر جنرل Jaesun Uh نے بھی شرکت کی، جس سے پاکستان اور کوریا کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے امکانات پر غیر رسمی گفتگو کے دروازے کھلے۔
سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی، جن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نثار احمد کھوڑو، ایم این اے فرحان چشتی، ایم پی اے الہٰر وسان، فضل کریم دادا بھائی، حمزہ تابانی، فیض اللہ کوریجو، فرحان عیسیٰ، ریحان ہاشمی، سید تراب شاہ، بابر عباسی، محسن فیروز، عبدالحمید اسلم، ڈاکٹر حسین تھیبو اور دیگر شامل تھے۔ اس کے علاوہ اعلیٰ سرکاری حکام، پولیس افسران اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے میزبانوں کو شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی تناظر میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں کو ایک چھت تلے اکٹھا کرنا نہایت اہم اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاً کراچی اپنی مہمان نوازی، برداشت اور رواداری کے باعث دنیا بھر میں منفرد شناخت رکھتا ہے۔ ایسے اجتماعات نہ صرف باہمی افہام و تفہیم کو بڑھاتے ہیں بلکہ مختلف ممالک کے درمیان تعلقات کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔
غیر ملکی سفارتکاروں نے بھی تقریب کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی غیر رسمی ملاقاتیں انہیں خطے کی سفارتی اور جغرافیائی سیاسی صورتحال کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کراچی کے شہریوں کی گرمجوشی اور خوش اخلاقی کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا اور کہا کہ یہی خصوصیات انہیں شہر سے جذباتی طور پر جوڑتی ہیں۔
میزبان اطہر اقبال کی جانب سے منعقدہ اس تقریب کو ایک مثبت سفارتی قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد کراچی کو نہ صرف کاروباری بلکہ سفارتی سرگرمیوں کے ایک اہم مرکز کے طور پر مزید اجاگر کرنا ہے۔
