کراچی کے علاقے فیروزآباد میں پولیس اور شاہین فورس کے درمیان ہونے والے مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت عادل محمود کے نام سے کرلی گئی ہے۔
کراچی: مرکزی مسلم لیگ کی اہم پریس کانفرنس، عشرۂ تشکر کے تحت مختلف تقریبات کے اعلان
پولیس کے مطابق یہ مقابلہ گزشتہ شب سوسائٹی قبرستان کے قریب پیش آیا تھا، جس کے دوران ایک خطرناک ملزم مارا گیا۔ ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم شہر میں ڈکیتی، موٹر سائیکل اسنیچنگ اور کیش اسنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم اپنے ساتھی کے ہمراہ شہریوں کو موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر نشانہ بنا کر وارداتیں کرتا تھا اور مزاحمت پر اندھا دھند فائرنگ بھی کی جاتی تھی۔ گزشتہ روز شارعِ فیصل پر بھی ملزمان نے دورانِ واردات فائرنگ کر کے ایک شہری کو زخمی کیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کرلی گئی ہیں، جن میں انہیں شہریوں سے موٹر سائیکل چھینتے اور مزاحمت پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک فوٹیج میں ملزم کو بہادر آباد کے علاقے میں شہری سے موٹر سائیکل چھینتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔
مزید انکشاف ہوا ہے کہ ہلاک ملزم اس سے قبل بھی ڈکیتی، موٹر سائیکل لفٹنگ اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات میں گرفتار ہو چکا تھا۔ تھانہ بہادر آباد میں سال 2025 کے دوران اس کے خلاف 4 مختلف مقدمات بھی درج تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کر دیا گیا ہے۔


