کراچی (نمائندہ خصوصی) — شہر میں جاری شدید گرمی کے دوران آرام باغ اور اطراف کے علاقوں میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حاظم بھنگوار نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں علاقہ مکینوں، محلہ کمیٹی کے نمائندوں اور متعلقہ افراد نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران شہریوں نے بجلی کی طویل بندش، روزمرہ زندگی میں مشکلات اور کاروباری سرگرمیوں کی بندش پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ نے شدید گرمی میں صورتحال کو ناقابل برداشت بنا دیا ہے، جبکہ پانی کی قلت اور دیگر بنیادی مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت میں ایک وفد نے K-Electric کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں کمپنی کے اعلیٰ حکام سے تفصیلی ملاقات کی گئی۔ وفد نے آرام باغ اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی بدترین صورتحال سے متعلق عوامی شکایات حکام کے سامنے رکھیں اور فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
کے الیکٹرک حکام نے یقین دہانی کرائی کہ شدید گرمی کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی اور بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کمپنی حکام کے مطابق تکنیکی خرابیوں اور دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار نے خبردار کیا کہ اگر عوامی شکایات کا فوری ازالہ نہ کیا گیا تو مزید سخت انتظامی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اذیت میں مبتلا نہیں چھوڑا جا سکتا اور شہریوں کے مسائل کے حل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
علاقہ مکینوں نے اسسٹنٹ کمشنر کی فوری مداخلت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اب لوڈ شیڈنگ کے مسئلے میں واضح کمی آئے گی۔

