کراچی پولیس کے ایسٹ زون نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے گلشنِ اقبال کے علاقے میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پیپلزپارٹی رہنما اسد حنیف کی لوکل گورنمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ گلشنِ اقبال نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان ثمر عباس اور محمد زایان کو حراست میں لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو عدد غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن اور موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم ثمر عباس عادی جرائم پیشہ ہے اور اس کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔
ریکارڈ کے مطابق ثمر عباس ماضی میں لیاقت آباد، سہراب گوٹھ، رضویہ سوسائٹی، شریف آباد اور سچل کے تھانوں میں چوری، منشیات اور دیگر جرائم کے مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

