کمشنر کراچی کا حاجی مرید گوٹھ ناظم آباد میں بند جگہ کو ڈسپنسری میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر): کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ناظم آباد کے علاقے حاجی مرید گوٹھ میں ایک طویل عرصے سے بند اور غیر فعال جگہ کو عوامی صحت کی سہولت میں تبدیل کرتے ہوئے نئی ڈسپنسری کا افتتاح کر دیا۔ یہ جگہ ماضی میں نشئی افراد کی آماجگاہ کے طور پر بھی استعمال ہوتی رہی تھی، جسے اب مکمل طور پر تبدیل کر کے مقامی آبادی کے لیے بنیادی صحت مرکز بنا دیا گیا ہے۔

کراچی: پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا، اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف

افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم، اسسٹنٹ کمشنر اسامہ بن اشرف، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نسیم بھٹو، توقیر احمد، ڈائریکٹر اسپورٹس غلام محمد سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے اس اقدام کو سراہا اور اسے دیرینہ ضرورت قرار دیا۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ڈسپنسری کا نام "نصیر بگ ڈسپنسری” رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی میں اسسٹنٹ کمشنر اسامہ بن اشرف کی ذاتی کاوشیں نمایاں ہیں، جن کی محنت کے باعث یہ سہولت ممکن ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ اس مقام پر ماضی میں عوامی سہولت کے لیے میڈیکل کیمپس بھی لگائے جاتے رہے ہیں، تاہم مستقل ڈسپنسری کا قیام علاقے کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے۔

کمشنر کراچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حاجی مرید گوٹھ ایک کچی آبادی اور پسماندہ علاقہ ہے جہاں صحت کی سہولیات کی شدید ضرورت تھی۔ اس ڈسپنسری کے قیام سے نہ صرف مقامی آبادی کو بنیادی علاج معالجے کی سہولت میسر آئے گی بلکہ پولیو ٹیموں کو بھی مؤثر معاونت فراہم ہوگی۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر وسطی اور اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پسماندہ طبقے کو سہولیات کی فراہمی کی بہترین مثال ہے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ شہر بھر میں صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے ایسے مزید اقدامات کیے جائیں گے اور مزید ڈسپنسریاں قائم کی جائیں گی تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر علاقہ مکینوں نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے فلاحی منصوبے جاری رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!