کراچی (23 اپریل 2026): وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کراچی زون نے غیر قانونی حوالہ/ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
گڈاپ سٹی پولیس کی کارروائی، منشیات فروشی میں ملوث خاتون گرفتار
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر کراچی زون کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل (سی بی سی) کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے کراچی ایسٹ میں بہار مسلم سوسائٹی کے قریب چھاپہ مار کر ملزم محمد فہیم ولد محمد رفیق کو گرفتار کیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم غیر قانونی حوالہ ہنڈی اور مالی لین دین میں ملوث تھا۔ چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے 13 لاکھ روپے نقد، 4895 سعودی ریال، 1250 درہم، 230 امریکی ڈالر اور 30 تولہ چاندی برآمد کی گئی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے بینک چیک سلپس اور ایک موبائل فون بھی برآمد ہوا، جس میں حوالہ ہنڈی اور آن لائن جوئے سے متعلق شواہد موجود ہیں۔ تفتیش کے دوران ملزم نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم ایک آن لائن جوئے کے پلیٹ فارم "bpexch.live” کو بھی چلا رہا تھا۔ ملزم کو برآمد شدہ سامان سمیت ایف آئی اے سی بی سی تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کے خلاف مقدمہ نمبر 31/2026 درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ چند بڑے کرداروں کی گرفتاری سے پورا نیٹ ورک بے نقاب ہو سکتا ہے، اور ادارہ غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کر رہا ہے۔
