اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) — گلگت بلتستان اسمبلی کے 2026 کے عام انتخابات کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس شروع ہو گیا ہے۔
پارٹی صدر اور بورڈ کے سربراہ محمد نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے اس 23 رکنی اجلاس میں گلگت بلتستان کے لیے موزوں امیدواروں کے انتخاب پر غور کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے آغاز پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور دیگر سینئر رہنماؤں نے محمد نواز شریف کا استقبال کیا۔
اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنما احسن اقبال، خواجہ محمد آصف، خواجہ سعد رفیق، گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمن، سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان، کیپٹن (ر) محمد صفدر اور چوہدری برجیس طاہر سمیت دیگر ارکان شریک ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پارلیمانی بورڈ آئندہ انتخابات کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست کو حتمی شکل دے گا۔
