تہران: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کے دارالحکومت تہران میں اعلیٰ عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں اور دورے کیے، جن میں علاقائی سیکیورٹی اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی فوج کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ روابط اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں اہم علاقائی امور، سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گزشتہ روز تہران پہنچنے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں جاری سفارتی کوششوں اور خطے میں امن کے قیام پر بات چیت کی گئی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے مذاکراتی عمل میں کردار ادا کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران امریکا مذاکرات اور ممکنہ جنگ بندی کی کوششوں کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس دورے کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنے، تعاون بڑھانے اور سفارتی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
