کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر کے ہمراہ ایس آئی یو سی آئی اے صدر آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری تحقیقات، اہم مقدمات اور یونٹ کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اسٹیل ٹاؤن پولیس کی کارروائی، غیر قانونی ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ ناکام
دورے کے دوران ایس ایس پی ایس آئی یو اور دیگر اعلیٰ افسران نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو مختلف زیرِ تفتیش کیسز، پیش رفت اور تفتیشی حکمت عملی پر جامع بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ جدید خطوط پر تحقیقات جاری ہیں اور کئی اہم مقدمات میں پیش رفت حاصل کی گئی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تفتیشی عمل کو مزید مؤثر، شفاف اور تیز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام تحقیقات میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مکمل کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید تفتیشی تقاضوں کو اپناتے ہوئے پولیس کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانی ہوگی تاکہ شہریوں کو فوری اور موثر انصاف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے جرائم کے خاتمے کے لیے پیشہ ورانہ مہارت اور ایمانداری کو لازمی قرار دیا۔
دورے کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایس آئی یو ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں جذبۂ خدمت کے ساتھ انجام دیتے ہوئے شہر میں امن و امان کے قیام میں مؤثر کردار ادا کریں۔
