کراچی: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پی ایس ایل 2026 کے میچز کے حوالے سے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
آئی جی سندھ کا نیشنل بینک اسٹیڈیم دورہ، پی ایس ایل سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
دورے کے دوران چیئرمین پی سی بی کو کراچی و سندھ پولیس اور سندھ رینجرز کی جانب سے کیے گئے فول پروف سیکیورٹی پلان پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے اسٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں، شائقین کے داخلے کے انتظامات، پارکنگ ایریاز اور اطرافی سیکیورٹی اقدامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں میچز کے دوران سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے سندھ پولیس اور سندھ رینجرز کی جانب سے کیے گئے سخت اور منظم حفاظتی اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پر جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ایس ایس یو، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق فول پروف سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ میچز پُرامن ماحول میں منعقد ہوں۔
پی سی بی حکام کے مطابق پی ایس ایل میچز کے دوران شائقین کرکٹ کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
